سعد رفیق گرفتاری کے بعد پہلی باراجلاس میں شریک ہوں گے

سعد رفیق گرفتاری کے بعد پہلی باراجلاس میں شریک ہوں گے
کیپشن: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق آج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر سعد رفیق کو لاہور سے اسلام آباد لایا گیا ہے جہاں پارلیمنٹ لاجز میں ان کی رہائش گاہ کو ہی سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق آج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل اور خواجہ سعد رفیق کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا۔

اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور تاخیر پر (ن) لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں نے کئی بار ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔

اپوزیشن کے شدید احتجاج کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے گزشتہ روز ہی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔