پیپلز پارٹی کا جھوٹے الزام پر پی ٹی آئی کو نوٹس بھیجنے کا اعلان

پیپلز پارٹی کا جھوٹے الزام پر پی ٹی آئی کو نوٹس بھیجنے کا اعلان
کیپشن: امریکا میں پراپرٹی تو آصف زرداری کے نام ہی نہیں، لطیف کھوسہ۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے دعوی کیا ہے کہ امریکا میں فلیٹ آصف زرداری کئی سال پہلے بیچ چکے ہیں۔ جھوٹا الزام لگانے پر پی ٹی آئی کو نوٹس بھجیں گے۔

لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ نوکریاں دینے کے بجائے عوام سے روزگار چھینا جا رہا ہے اور 50 لاکھ گھر بنانے کے بجائے گرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکا میں پراپرٹی 20 سال پہلے فروخت ہو گئی تھی اور امریکا میں پراپرٹی تو آصف زرداری کے نام ہی نہیں۔ ان کا مزید کا کہنا تھا کہ آج تاریخ ہم نے نہیں بلکہ پراسیکیوشن نے لی تاہم حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ سب کو جیل میں ڈال دو۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف اثاثے چھپانے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک اثاثوں کو چھپانے پر آصف زرداری کو فوری نااہل کیا جائے۔

درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ پیپلزپارٹی کی شریک چیئرمین آصف زرداری کی امریکہ میں فلیٹ ہے جس کا ذکر الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات میں نہیں کیا گیا ، آصف زرداری حلقہ این اے 213 سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے اور انہیں اس نشست سے فوری نااہل کیا جائے کیونکہ وہ اب صادق اور امین نہیں رہے ہیں۔