بھارت میں بڑھتے مظاہروں سے پاکستان کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے ، وزیر اعظم

بھارت میں بڑھتے مظاہروں سے پاکستان کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے ، وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے بیانات فالس فلیگ آپریشن سے متعلق ہمارے خدشات میں اضافہ کررہے ہیں۔ بھارت میں بڑھتے مظاہروں کے ساتھ پاکستان کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا  کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات کے بعد کسی بھی بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا  کہ ہم عالمی برادری کو بھارتی رویے سے متعلق متنبہ کررہے ہیں، بھارت نے داخلی انتشارسے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف کارروائی کی توبھرپورجواب دیںگے۔

عمران خان نے کہا  کہ شہریت کے متنازع قانون کیخلاف بھارت کے حق پسند احتجاج کررہے ہیں، ہندوستان میں احتجاج اب تحریک کی شکل اختیار کررہا ہے۔ بھارت میں بڑھتے مظاہروں کے ساتھ پاکستان کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں، بھارتی آرمی چیف کے بیانات فالس فلیگ آپریشن سے متعلق ہمارے خدشات میں اضافہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوجوں کا محاصرہ جاری ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھانے کے بعد خونی فسادات کا خدشہ ہے۔ مودی سرکار کے گزشتہ 5 برسوں میں بھارت ہندووتوابالادستی کے ساتھ ہندوراشٹرا کی طرف بڑھ رہا ہے، بھارت میں ہندووتوا، فاشسٹ نظریات کا غلبہ ہوتا جارہا ہے۔