سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات 10 فروری 2021ء سے قبل نہیں ہو سکتے: الیکشن کمیشن

ECP, Election commission, Pakistan, Politics, Senate Election
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں واضح کر دیا گیا ہے کہ سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات 10 فروری 2021ء سے قبل نہیں ہو سکتے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک انتخابی پروگرام کی صورت میں جاری کیا جائے گا۔ آئین کے مطابق معیاد پوری کرنیوالی خالی نشستوں پر الیکشن 30 دن قبل نہیں ہو سکتا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عام طور پر سینیٹ کے گزشتہ 4 سے 5 انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوتے رہے۔ سینیٹ کی خالی ہونیوالی نشستوں پر انتخابات کا انعقاد 10 فروری 2021ء سے قبل نہیں ہو سکتا۔ آئین کے مطابق جو نشستیں اپنی مدت معیاد پوری کرنے کے بعد خالی ہوں، ان پر الیکشن کا انعقاد 30 دن قبل نہیں ہو سکتا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سینیٹ کے نصف ارکان 11 مارچ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے پرعزم ہے اور اس سے بخوبی آگاہ ہے۔ سینیٹ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے وقت سے قبل سینیٹ انتخابات کرانے کی بات کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے بابر اعوان کی جانب سے قانونی نقطے اٹھاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایسا ممکن ہے۔ اب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پایا جانے والا ابہام دور کر دیا گیا ہے۔