بات چیت کا وقت ختم ، وزیراعظم نہیں بچ سکیں گے ، بلاول 

بات چیت کا وقت ختم ، وزیراعظم نہیں بچ سکیں گے ، بلاول 

لاہور : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بات چیت کا وقت ختم ہوچکا ہے اب وزیراعظم نہیں بچ سکیں گے ۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا حکومت زمینی حقائق سے واقف نہیں ہیں۔ حکومت لوگوں کو ایک وقت کی روٹی نہیں دے رہی ہے ، وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل ہیں تو مستعفی ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں مشکل حالات میں غریب کو تنہا نہیں چھوڑا ، فوج پینشنرز ، غریب اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ۔ حکومت کسانوں ، غریبوں ، اور سرکاری ملازمین کے لیے کیا کررہی ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم لانگ مارچ  پر ضرور نکلیں گے ، ہم غریبوں کو ساتھ لیکر جائیں گے ، عوامی طاقت سے اسلام آباد جا کر وزیراعظم سے استعفیٰ چھین لیں گے ۔

 چئیر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے کسی حکومتی رکن کی بات چیت نہیں ہورہی ہے ، بات چیت کا وقت ختم ہوچکا ہے ، اب وزیراعظم نہیں چب سکیں گے ، سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹ جمہوری  حق ہے ۔ 

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کارکنوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، ہمارے کارکنوں نے مشکل صورتحال میں ہمارا ساتھ دیا ، کسی بھی جماعت کی مضبوطی اس کے کارکن ہوتے ہیں ، کارکنوں کے اہل خانہ میں بھی پیپلز پارٹی سے محبت پائی جاتی ہے ۔