عمران خان قوم کو دھوکہ دینے کی بجائے استعفیٰ دیں: احسن اقبال

عمران خان قوم کو دھوکہ دینے کی بجائے استعفیٰ دیں: احسن اقبال
کیپشن: عمران خان قوم کو دھوکہ دینے کی بجائے استعفیٰ دیں: احسن اقبال

لاہور: مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کو دھوکہ دینے کی بجائے استعفیٰ دیں۔ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ  فیصلہ کن ہو گا اب پتہ چلے گا کہ بندوبست کا دھرنا کیا ہوتا ہے اور عوام کا دھرنا کیا ہوتا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے بنی گالا والی رہائش کا حساب دیں کہ کس طرح اس نے ناجائز اختیارات کا استعمال کر کہ تین سو کنال پر محیط اپنی رہائش گاہ کوریگولر کروایا ہے۔ غیر قانونی تعمیرات کو ریگولررائز کرنے کا موقع اسلام آباد کے ہزاروں لوگوں کو نہیں دیا گیا بلکہ اسلام آباد میں رہنے والے غریبوں کے مکان ڈھائے گئے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو شرف حاصل ہوا کہ ان کی غیر قانونی تعمیر پر کوئی بلڈوزر نہیں چل سکا جبکہ غریبوں کی چھتوں پر بلڈوزر چلائے گئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے بار بار کہا ہے کہ اپوزیشن این آر او نہیں مانگتی کیونکہ عمران خان صاحب نہ آپ این آر او دے سکتے ہیں نہ آپ این آر او کے مجاز ہیں کیونکہ اپوزیشن کے تمام مقدمے عدالتوں میں چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا فیصلہ بھی عدالتوں نے کرنا ہے اورمیں مطالبہ کرتا ہوں کے میرے خلاف چلنے والے اورمسلم لیگ (ن) کے خلاف چلنے والے مقدموں کو ٹی وی پر لائیو دکھایا جائے تاکہ پاکستان کی عوام کو پتہ چل سکے کے ہمارے خلاف لگنے والے الزامات کی نوعیت کیا ہے