یمن: سعودی اتحاد کے صنعا پرفضائی حملے

یمن: سعودی اتحاد کے صنعا پرفضائی حملے

صنعا: سعودی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عسکری آپریشن  شروع کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق  عرب اتحاد برائے یمن کا کہنا ہے کہ  صنعا ائیر  پورٹ پر  ٹارگیٹڈ عسکری آپریشن حوثیوں کی طرف سے دھمکیوں اور سرحد پار سے حملوں کے جواب میں شروع کیا گیا ہے۔مزید کہا گیا کہ  حوثیوں نے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل داغے اور جس کے جواب میں یمن کے اندر فضائی حملوں سے جوابی کارروائی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ  یمن میں لڑنے والے  عرب  اتحاد نے پیر کو حوثیوں کے زیر کنٹرول یمنی دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شہریوں کو فوری طور پر انخلا کے لیے کہا تھا۔  عرب اتحاد  نے ہدایت کی تھی  کہ عالمی انسانی تنظیموں کے اہلکار اور شہری  صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ فورا خالی کردیں۔

یاد رہے کہ  اتوار کے روز عرب اتحاد  کی افواج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ہوائی اڈے سے داغے گئے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا ہےجس کا مقصد یمن کی سرحد کے قریب واقع جیزان میں سعودی عرب کے شاہ عبداللہ ہوائی اڈے پر شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔


یاد رہے کہ عرب اتحاد نے 2015 میں یمن میں اس وقت  مداخلت کرتے ہوئے عسکری کارروائیوں کا  آغاز کیا تھا جب  حوثیوں کی جانب سے  صنعا  میں قائم حکومت کو بے دخل کر دیا گیا تھا۔