وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج

وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی نااہلی کی دائر پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے پٹیشن خارج کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست 2018ءمیں عبدالوہاب بلوچ نے دائر کی تھی اور چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ 
عبدالوہاب بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جوائن کرنے کے بعد پٹیشن واپس لینے کیلئے متفرق درخواست دائر کی تھی اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے پٹیشن اور متفرق درخواست پر سماعت کی۔ 
واضح رہے کہ پٹیشنر عبدالوہاب بلوچ نے عمران خان کی نا اہلی کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عمران خان کو صادق اور امین نہ ہونے کے باعث نا اہل قرار دیا جائے۔ 
گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار عبدالوہاب بلوچ نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو چھپایا اس لئے وہ صادق و امین نہیں رہے۔