"اسحاق ڈار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی ان کی نشست خالی ہوجائے گی"

سورس: file

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست خالی قرار دینے کی طرف بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی ہے ۔ نوٹیفکیشن روکنے کا حکم امتناع بھی ختم ہوگیا۔

نیو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اسحاق ڈار نااہلی کیس کی سماعت کی. ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ آرڈیننس کے تحت دو ماہ حلف نہ اٹھانے والے کی نشست خالی تصور ہوگی ۔ اسحاق ڈار کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا اس لئے ان پر قانون کا اطلاق نہیں ہوتا ۔ عدالت نے کہا درخواست گزار نوازش پیرزادہ گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کو عدالت نے طلب کیا تھا لیکن وہ بھی پیش نہیں ہوئے ۔ وکیل سابق وزیر خزانہ نے جواب دیا اسحاق ڈار بیمار ہیں اور بیرون ملک مقیم ہیں۔

ذرائع کے مطابق  نوٹیفکیشن روکنے کا حکم امتناع ختم ہونے کے باعث اسحاق ڈار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی نئے آرڈیننس کا اطلاق ہوگا اور انکی نشست خالی تصور ہوگی۔