عابد علی میں ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص، والد کی مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

عابد علی میں ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص، والد کی مداحوں سے دعاؤں کی اپیل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عابد علی میں ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کے والد نے بیٹے کی صحت یابی کیلئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سینٹرل پنجاب کے اوپننگ بلے باز عابد علی قائداعظم ٹرافی کے فائنل راؤنڈ میں خیبر پختونخواہ کے خلاف میچ میں آج 61 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے کہ انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ 
عابد علی کو فوری طور پر امراض قلب کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ اس حوالے سے ان کے والد کا کہنا ہے کہ مجھے عابد علی کی اچانک طبیعت خراب ہونے کا بتایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عابد علی سے بات ہوئی اور وہ کافی حوصلے میں لگا، میں کراچی جارہا ہوں تاکہ بیٹے کے پاس رہوں، امید ہے عابد علی کی ٹیسٹ رپورٹس اگلے چند گھنٹوں میں آجائیں گی، عوام سے اپیل ہے کہ اس کی صحت کیلئے دعا کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ انہیں سینے میں اچانک تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم ہے اور ان کے مزید ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انہوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بیٹنگ کی تھی اور دو ٹیسٹ میچز کی تین اننگز میں بالترتیب 91,133 اور 39 رنز بنائے تھے جبکہ پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد بھی ہوئے تھے۔