کراچی میں رینجرز کے ہاتھوں مارے جانے والے7دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی

کراچی میں رینجرز کے ہاتھوں مارے جانے والے7دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی

کراچی:  گزشتہ رات رینجرز کے ساتھ مقابلے میں مارے جانے والے سات دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی ،ترجمان رینجرز کے مطابق ساتوں دہشتگرد پاک فوج پر حملوں سمیت تخریب کاری کی بڑی وارداتوں میں ملوث تھے۔

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں اپنے انجام کو پہنچنے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل مکمل  کرلیا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد یاسین اور واحد عالم عرف مچھڑ کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔دونوں دہشت گردشوال اور دیگر علاقوں میں فوج کے جوانوں پر حملوں کے واقعات میں ملوث تھے۔
اپنے انجام کو پہنچنے والے ایک اور دہشت گرد عمر حیات عرف قاری پر مختلف حملوں میں سہولت کاری اور معاونت کا الزام تھا،2010 میں محرم کے جلوسوں2011 میں مہران بیس اور 2014 میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں بھی ملوث رہا،مارے جانے والے دہشت گرد عامر علی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ بارودی مواد بنانے اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سے ڈرون گرانے کا ماہر تھا جبکہ وہ ایئرپورٹ حملے میں ملوث اور کراچی میں جیل توڑنے کی منصوبہ بندی میں بھی شامل تھا۔اجتبیٰ احمد فیروز عرف سلمان جاوید فرقہ وارانہ قتل اور دہشتگردی کی منصوبہ سازی میں ملوث تھا۔ محمد شکیل عرف برمی نے 2013 میں میران شاہ سے دہشت گردی کی ٹریننگ لی اور وہ سیاسی ، مذہبی اور لسانی قتل و غارت گری میں ملوث رہا۔
جبکہ عاقب یوسف دہشتگردی میں سہولت کاری کاکام کرتا تھا ،چالیس منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں رینجرز کا جوان بھی زخمی ہوا۔ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات اور رینجرز افسر کی مدعیت میں آٹھ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں