ٹی وی میں سے ایک لاکھ کینیڈین ڈالر کی رقم ملی!

ٹی وی میں سے ایک لاکھ کینیڈین ڈالر کی رقم ملی

 ٹی وی میں سے ایک لاکھ کینیڈین ڈالر کی رقم ملی!

اونٹاریو: کینیڈا میں پرانے برقی آلات کو ری سائیکل کرنے والے ایک پلانٹ کے عملے کو 30 سال پرانے ٹی وی میں سے ایک لاکھ کینیڈین ڈالر کی رقم ملی ہے جو 75 ہزار امریکی ڈالرز کے برابر ہے اور پاکستانی روپوں میں یہ 75 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

گلوبل الیکٹرک الیکٹرانکس پروسیسنگ پلانٹ کے مینیجر کے مطابق 30 سال پرانا ٹی وی ایک سال قبل موصول ہوا لیکن اس سال جنوری میں اسے ری سائیکل کیا گیا تو ٹی وی کے چوبی بکس میں ایک خفیہ خانہ تھا جس میں ایک لاکھ کینیڈین ڈالر چھپائے گئے تھے جو 50 ڈالر کی گڈیوں کی شکل میں تھے۔

مینیجر کے مطابق وہ ہرماہ ہزاروں پرانے ٹی وی توڑکر ری سائیکل کرتے ہیں اور یہ عمل بہت تیز ہوتا ہے لیکن ایک خاتون ملازمہ نے جب ٹی وی کا لکڑی کا ڈبہ توڑا تو اندر خفیہ خانوں سے نوٹ برآمد ہوئے اور ساتھ میں چند کاغذات بھی تھے جس کی مدد سے رقم اصل حقدار کو واپس کی گئی۔

پولیس نے جب ٹی وی کے اصل مالک سے رابطہ کیا تو وہ اونٹاریو کا 68 سالہ رہائشی نکلا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ رقم اسے والدین سے میراث میں ملی تھی اور اس نے اسے ٹی وی کے اندر چھپا دیا تھا لیکن بعد میں بھول گیا اور ٹی وی ایک دوست کو دیدیا تھا۔ اس شخص نے کہا کہ یہ رقم استعمال نہیں ہوسکی اور اب وہ اسے اپنے بچوں کے حوالے کردے گا۔ کمپنی انتظامیہ نے رقم کا انکشاف کرنے والے ملازم کی ایمانداری کو سراہا ہے اور اسے انعام و اسناد دی ہیں۔