سعودی حکومت نے غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم میں 6 لاکھ سے زائد غیر قانونی گرفتار کر لیے

سعودی حکومت نے غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم میں 6 لاکھ سے زائد غیر قانونی گرفتار کر لیے

ریاض: مملکت میں جاری غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم کے دوران اب تک 6 لاکھ 45 ہزار افراد کو گرفتارکیا جاچکا ہے ۔ عکاظ اخبار کے مطابق مملکت کے تمام شہروں میں غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم جاری ہے جس میں اقامہ اور قانون محنت کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرکے انہیں ملک بدر کرنے کے علاوہ مروجہ سزائیں دی جاتی ہیں ۔

قانو ن نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ اب تک گرفتار ہونےوالے افراد میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 371 رہی جبکہ قانون محنت کی خلاف ورزی پر 58 ہزار 176 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ سرحد ی حدود کی خلاف ورزی پر 9184افراد کو گرفتا ر کیا گیا جن میں سے 65 فیصد یمنی اور 32 فیصد ایتھوپین شامل تھے ۔ مملکت کی سرحد غیر قانونی طور پر عبور کرنے کی کوشش کرنے پر 523 افراد کو گرفتار کرکے انہیں متعلقہ اداروں کے سپر د کیا گیا جہاں ان سے تحقیقات جاری ہیں ۔

اعداد وشمار میں مزید کہا گیا ہے کہ 1252 افراد کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو پناہ اور سفری سہولت فراہم کرنے پر گرفتار کیا گیا جن میں مقامی بھی شامل ہیں ۔ واضح رہے مملکت میں اقامہ قوانین کے مطابق غیر ملکی صرف اپنے کفیل کے پاس ہی کام کرنے کا اہل ہو تا ہے کسی دوسری جگہ کام کرنا خلاف قانون شمارہوتا ہے جس پر سزا دی جاتی ہے ۔