پی ٹی آئی کے عزیز اللہ جان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے

پی ٹی آئی کے عزیز اللہ جان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے

اسلام آباد : سابق صدر پاکستان اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے رہنما اور پی کے 15نوشہرہ کے سابق امیدوار عزیز اللہ جان نے زرداری ہاﺅس میں ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا.

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری، پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، بہرامندتنگی، سرتاج خان، ضیا اللہ خان آفریدی، ذوالقرنین اور لیاقت شباب بھی موجود تھے۔

آصف زرداری نے ان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ عزیز اللہ جان نے چیئرمین پی پی کی قائدانہ صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا زرداری نے کے پی کے عوام کو شناخت دے کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

آج کے پی کے عوام فخر سے سربلند کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہمارا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ انہوں نے کہا تبدیلی کے جھوٹے نعروں کے ذریعے کے پی کے عوام کو دھوکہ دیا گیا، پیپلزپارٹی کی قیادت ہی اب پختونخوا کے عوام کو روشن مستقبل دے سکتی ہے۔