اس طرح کے فیصلوں سے نواز شریف مائنس نہیں ہو گا، طلال چوہدری

اس طرح کے فیصلوں سے نواز شریف مائنس نہیں ہو گا، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلوں سے نواز شریف مائنس نہیں ہو گا۔ سیدھی طرح کہہ دیا جائے مسلم لیگ (ن) کو الیکشن میں حصہ نہیں لینے دینگے، کیا پاکستان اس طرح کے فیصلوں کا متحمل ہوسکتا ہے؟ نواز شریف کسی پارٹی صدارت کا مرہون منت نہیں جسے وہ کہے گا وہی پارٹی صدر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے فیصلے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جب تک اس جماعت کا نام مسلم لیگ (ن) ہے اس پارٹی کے تمام فیصلے نواز شریف کی مرضی سے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ کیا پاکستان اس طرح کے فیصلوں کا متحمل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کے ایک مقبول لیڈر ہیں اگر مقبول لیڈر کیساتھ عوام ہو تو اسے کسی اور چیز کی ضرورت نہیں رہتی۔ نواز شریف کو روکا نہیں جاسکتا۔ نواز شریف کو روکنے کیلئے کوئی بھی سیاسی طریقہ کامیاب نہیں ہورہا سیدھی طرح کہہ دیا جائے کہ نواز شریف کو ملکی سیاست میں حصہ لینے نہیں دیا جائے گا تاہم یہ عمل ملک کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے نیچے آئین ہوتا ہے، آئین کے نیچے پارلیمنٹ نہیں ہوتی۔ اگر پاکستان میں کوئی نیا سسٹم لانا ہے تو کوئی اور بات ہے۔ دنیا بھر کے جمہوری نظام میں یہی ہوتا ہے پارلیمنٹ قانون بناتی ہے اور پھر اس پر عمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے نواز شریف کی مقبولیت کم نہیں ہو رہی۔

یاد رکھیں کہ نواز شریف جس پر ہاتھ رکھیں گے وہی جیتے گا۔ سائن کوئی زیڈ کرے یا بکر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ نواز شریف کسی پارٹی صدارت کا مرہون منت نہیں جسے وہ کہے گا وہی پارٹی صدر ہوگا۔