نئے پاکستان کا وعدہ کر کے قوم کو جہنم میں دھکیل دیا گیا، لیگی رہنما

نئے پاکستان کا وعدہ کر کے قوم کو جہنم میں دھکیل دیا گیا، لیگی رہنما
کیپشن: وزیراعظم کی انا ہمالیہ سے بھی اونچی ہے جبکہ ہم سسٹم کو بچانا اور چلانا چاہتے ہیں، خواجہ آصف۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے حکومت کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں جنت کا وعدہ کر کے قوم کو جہنم میں دھکیل دیا گیا ہے۔

میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر کی بغیر ثبوتوں کے گرفتاری نامناسب ہے اور یہ آغا سراج درانی کا ذاتی نہیں بلکہ اسپیکر کے عہدے کا معاملہ ہے۔ اسپیکر کی گرفتاری جمہوریت پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے الزام لگانا ہے تو تفتیش کریں اس پر کسی کو اعتراض نہیں اور سعد رفیق کے خلاف ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا۔ اسپیکر سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں اور ایوان میں حلقے کے عوام کی نمائندگی کرنا سعد رفیق کا حق ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر ہفتہ اتوار کو بھی اجلاس بلانا چاہیے جبکہ عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ حکومت ان پر معاشی طور پر ظلم کر رہی ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمت میں اضافے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ ایوان میں مہنگائی کے معاملات پر بات کرنے کا موقع نہیں مل رہا۔

اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے ارکان کو کہا کہ اتنا جھوٹ بولو وہ عوام کو سچ نظر آئے اور وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ہر مسئلے کی وجہ گزشتہ حکومت پر ڈال دیں۔ وزیراعظم کی انا ہمالیہ سے بھی اونچی ہے جبکہ ہم سسٹم کو بچانا اور چلانا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی کوئی نیت نہیں ہے۔ عمران خان کی حکومت کی عمارت صرف جھوٹ پر کھڑی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں یہ حکومت پاپولر ووٹ میں آج بھی اقلیتی حکومت ہے، نئے پاکستان کی فلم میں جنت کا وعدہ کرکے قوم کوجہنم میں دھکیل دیا گیا ہے، حکومت کی پہلی سہ ماہی کے خسارے میں ایک سو ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، آپ نے تو سودا بیچا تھا کہ قوم مجھ پر اعتبار کرتی ہے میں چندے اکٹھے کرتا ہوں اور قوم ایک دیانتدار وزیراعظم کو دیکھ کر ٹیکسوں کی بارش کر دے گی۔ کہا گیا تھا 190 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 122 ارب روپے خرچ کر کے ڈیم کے لیے زمین خریدی اور اب وہ بھی ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔ آپ نے ڈیم ڈیم ک رکے عوام کو فول بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اندر اندھیر نگری چوپٹ راج نہیں چلنے دیں گے۔ یہ حکومت پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور پاکستان کو معاشی طور پر 700 سے 1000 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ چین اور سعودی عرب سے آنے والا پیسہ ان کے خسارے میں ہڑپ ہو گیا۔