اگر بھارت نے رضامندی ظاہر نہیں کی تو ہم پیچھے نہیں بھاگیں گے:سرفراز احمد

اگر بھارت نے رضامندی ظاہر نہیں کی تو ہم پیچھے نہیں بھاگیں گے:سرفراز احمد

شارجہ :بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بھارت کو چاہئیے کہ وہ کھیل کو کھیل ہی سمجھے اور کھیل میں سیاست کو شامل نہ کرے۔ اگر بھارت کرکٹ کھیلنے کے لیے رضامند ہے تو ٹھیک ہے ہمیں بھی کرکٹ کھیلنی چاہئیے لیکن اگر بھارت نے رضامندی ظاہر نہیں کی تو ہم بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے۔


ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ جس طرح پی ایس ایل پروان چڑھا ہے، اسی طرح اب پی ایس ایل کا شمار آئی پی ایل کے بعد دوسری بڑی لیگ میں ہو رہا ہے لہٰذا اس کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئیے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے بھی پاک بھارت میچ کے لیے گرین سگنل دے رکھا ہے۔

انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ 2019ء 30 مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا، اور شائقین کرکٹ اس میگا ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے کو تیار ہے تو قومی کرکٹ ٹیم بھی میچ میں جیت کے لیے پرعزم ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019ء کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے اور بھارتی میڈیا نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے اعلان کردہ شیڈول کے تحت ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف بلا جواز پراپیگںڈہ کا آغاز کیا جس میں پاکستان کو ہر سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان کو ہر میدان میں بدنام کیا جائے اور نفرت انگیز تحریک کو فروغ دیا جائے لیکن آئی سی سی نے پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق ہونے کا ہی گرین سگنل دیا جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین میچ شیڈول کے مطابق ہی ہو گا۔