ایف اے ٹی ایف 13 نکات پر عمل درآمد کیلیے جون تک مہلت دینے پر رضا مند

ایف اے ٹی ایف 13 نکات پر عمل درآمد کیلیے جون تک مہلت دینے پر رضا مند
کیپشن: اجلاس میں پاکستان کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر عمل درآمد رپورٹ پر غور کیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو 13 نکات پر عمل درآمد کے لیے جون تک کی مہلت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی تاہم اس بات کا حتمی اعلان پیرس میں جاری اجلاس کے اختتام  پر ہو گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا پیرس میں جاری اجلاس آج جمعہ کو ختم ہو گا۔

 

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر عمل درآمد رپورٹ پر غور کیا گیا اور پاکستان نے 27 میں سے 14 نکات پر عمل درآمد کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو 13 نکات پر عمل درآمد کے لیے جون تک کی مہلت مل گئی ہے تاہم پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مجرمان کو سخت سزائیں دینے اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے موثر قانون سازی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ آج کے اختتامی اجلاس کے بعد ہو گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ پاکستان کو اکتوبر تک گرے لسٹ میں برقرار رکھا جا سکتا ہے۔