کرکٹر عمر اکمل کا بکی سے ملنے کا اعتراف

کرکٹر عمر اکمل کا بکی سے ملنے کا اعتراف


کراچی :پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کی جانب سے معطلی کے بعد بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا ۔

پی سی بی انتظامیہ نے پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور میچ والے دن صبح میں سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنے پر ٹھوس شواہد سامنے آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کے اہم رکن عمر اکمل کو معطل کرکے ان کے لیگ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ عمر اکمل نے معطلی کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی   نے کہا  کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل راؤنڈر انور علی کو شامل کیا گیا ۔