سری لنکن کھلاڑی وانیندو ہسارانگا کو پی ایس ایل میں شرکت کیلئے این او سی نہ مل سکا

سری لنکن کھلاڑی وانیندو ہسارانگا کو پی ایس ایل میں شرکت کیلئے این او سی نہ مل سکا

لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سپنر وانیندو ہسارانگا کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کیلئے این او سی نہیں مل سکا جس کے بعد ان کے لیگ میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہسارنگا کو پی ایس ایل 8 کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پلاٹینم کیٹیگری میں ڈرافٹ کیا تھا اور فرنچائز کو امید تھی کہ وہ آج ٹیم کو جوائن کر لیں گے لیکن این او سی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہیں کر سکے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسارانگا ان دنوں سری لنکا میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں اور فرنچائز ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ہسارنگا کی عدم دستیابی کے بارے میں اطلاعات ہیں اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے جن میں متبادل کھلاڑی کی شمولیت بھی شامل ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسارنگا کے معاملے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے، پی سی بی کو معاملے میں بہتری کی امید تھی تاہم پیر کی رات تک صورتحال تبدیل نہیں ہوئی جس کے بعد ان کی پی ایس ایل میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کوشل میندس کو بھی پی ایس ایل میں شرکت کیلئے این او سی نہیں دیا گیا تھا جس کے سبب لاہور قلندرز کی ٹیم کو مینڈس کی جگہ شائی ہوپ کو منتخب کرنا پڑا۔

مصنف کے بارے میں