سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کو پبلسٹی سٹنٹ کے طور پر استعمال کرنے سے روک دیا

سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کو پبلسٹی سٹنٹ کے طور پر استعمال کرنے سے روک دیا

لاہور:سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کو پبلسٹی سٹنٹ کے طور پر استعمال کرنے سے روک دیا ۔

تفصیلات کے مطابق قصور کی ننھی زینب کے اندوہناک قتل کے ازخود نوٹس کیس کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے سول سوسائٹی کے نمائندے عبداللہ ملک کی زینب ازخود نوٹس کیس میں فریق بننے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کو زینب قتل کیس میں کسی سول سوسائٹی کی معاونت کی ضرورت نہیں اور اس کیس کو سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔

جسٹس ثاقب نثار نے سول سوسائٹی کے نمائندے کی متفرق درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ زینب قتل کیس کو پبلسٹی سٹنٹ کے طور پر استعمال نہ کریں،ہمیںسول سوسائٹی سے زیادہ بہتر پتہ ہے کہ زینب قتل کیس کو کیسے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

واضح رہے کہ قصور کی 7 سالہ زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرکے کچری کنڈی میں پھینک دیا گیا تھا جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے اس کیس کا ازخود نوٹس لیا تھا مگر ابھی تک کئی روز گزرنے کے باوجود بھی زینب کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔