پی ٹی آئی کی آصف زرداری کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

پی ٹی آئی کی آصف زرداری کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں آصف زرداری کی نا اہلی کے لئے درخواست دائرکر دی۔


درخواست پی ٹی آئی رہنماءعثمان ڈار کی جانب سے دائر کی گئی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا آصف علی زرداری نے 2018 کے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی۔

آصف زرداری نے فارم اے اور فارم بی میں غلط بیانیاں کی ہیں جبکہ سابق صدر نے نیو یارک کا اپارٹمنٹ، پارکنگ سپیس اور دو بلٹ پروف گاڑیاں ظاہر نہیں کیں۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ سابق صدر رکن قومی اسمبلی بننے کے بھی اہل نہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کے خلاف 20 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نیویارک میں اپارٹمنٹ چھپانے پر انہیں نااہل کیا جائے۔

تاہم تحریک انصاف کی جانب سے بعد میں اس درخواست کو واپس لے کر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا گیا۔