لاہور: وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان کی جانب سے جرمانے کے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے جمع نہ کرائے جا سکے۔ ایف بی آر سارا دن انتظار کرتا رہا نہ وہ خود آئیں نہ کوئی وکیل اور نہ ہی نہ آنے کی اطلاع دی، ایف بی آر نے سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا.
ذرائع کے مطابق، علیمہ خان کے خلاف دوبئی میں5 کروڑ50لاکھ روپے کی جائیداد رکھنے پر کارروائی ہوئی۔ ان کے خلاف کیس سپریم کورٹ میں چل رہا تھا۔ سپریم کورٹ نے جرمانے کے2کروڑ94لاکھ روپے ایف بی آر میں جمع کرانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ علیمہ خان نے سپریم کورٹ سے جرمانے کی دو اقساط جمع کرانے کی اجازت چاہی تھی جس پر سپریم کورٹ نے اجازت دے دی تھی۔ علیمہ خان نے 73لاکھ روپے کی پہلی قسط ایک ہفتہ قبل جمع کرائی تھی جبکہ 2 کروڑ 21 لاکھ روپے آج دن پانچ بجے تک جمع کرانے تھے۔ ایف بی آر لاہور ریجن علیمہ خان کا انتظار کرتا رہا مگر نہ علیمہ خان آئی،نہ وکیل اور نہ ہی ان کی طرف سے کوئی پیغام آیا۔
ایف بی آر حکام نے کہا ہے کہ علیمہ خان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علیمہ خان کو عدالت نے مہلت دی تھی ایف بی آر نے نہیں، اب ان سے باقی ماندہ رقم وصول کی جائے گی، چاہے اس کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرنا پڑے۔