اسلام آباد :سانحہ ساہیوال کے غم میں پوری قوم اضطراب کا شکار ہے ،قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت شہریار آفریدی نے دوٹوک الفاظ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ ملوث جو کوئی بھی ہو اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی ،ان کا کہنا تھا واقعہ میں ملوث افراد کو مثال بنا کر چھوڑیں گے ،چاہے مجھے استعفیٰ ہی کیوں نہ دینا پڑے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت شہریار آفریدی نے اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماضی کی طرح الزام در الزام کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور آئندہ ایسے ہونے والے مسائل سے بچنے کیلئے دیر پا حل نکالنا چاہیے ،ان کا کہنا تھا اس واقعہ پر پوری قوم اضطراب کا شکار ہے ،شہریا آفریدی نے اسمبلی اجلاس میں اپنے استعفی کی بھی پیشکش کی ، شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے چاہے استعفا دینا پڑے لیکن ملوث افراد کو مثال بنا کر چھوڑیں گے۔ جے آئی ٹی رپورٹ 3 دن میں آئے تو ایوان میں پیش کی جائے گی۔ ایوان چاہے تو کمیٹی بنا دے یا جو حل پیش کرے۔
اس واقعے کا جواب موجودہ حکومت کو دینا پڑے گا اور ہم دیں گے۔ ملوث افراد کو کڑی سزا دی جائے گی۔ شہریار آفریدی کا مزید کہنا ہے کہ فوجداری نظام موجودہ حالات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ موجودہ عدالتی نظام کے باعث فوجی عدالتیں بنانا پڑتی ہیں۔ دوسری جانب سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ واقعے میں ہلاک خلیل احمد کا لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں جنرل سٹور تھا۔