نیویارک کے جنوبی علاقے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 فوجی ہلاک

3 soldiers dead after military helicopter crashes in upstate New York
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے جنوبی علاقے میں ہیلی کاپٹر گرنے سے اس میں سوار 3 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ فوجی ہلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر فوج کے زیر استعمال تھا جس کے ذریعے نئے فوجیوں کو امدادی کارروائیوں کی تربیت فراہم کی جاتی تھی۔ حادثے کے وقت بھی اس پر سوار فوجی تربیت حاصل کر رہے تھے۔

ابتدائی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا تاہم حادثے کے دیگر پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی فوری اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں تاہم ہیلی کاپٹر میں موجود فوجی ہلاک ہو چکے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر ایک کھلے میدان میں گرا۔ زمین سے ٹکراتے ہی اس میں آگ لگ گئی۔ کھلے میدان میں گرنے کی وجہ سے کسی سویلین جان یا املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔

امریکی حکام نے واقعے کی تحقیق کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی ہے جبکہ عینی شاہدین کے بیان بھی ریکارڈ کئے جا رہے ہیں جس سے کیس کو آگے بڑھایا جائے گا۔