فیصل آباد : پولیس اہلکاروں نے مقتول وقاص کو گاڑی سے نکال کر گولی ماری

Police open fire on vehicle in Faisalabad, youngster killed
کیپشن: فائل فوٹو

فیصل آباد: یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ میں پیش آیا تھا۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ پولیس اہلکاروں نے وقاص نامی مقتول کو اس کی گاڑی سے نکالا اور گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے واقعہ میں ملوث چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈجکوٹ کے علاقے میں ناکے پر موجود اہلکاروں نے ایک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گھبراہٹ میں گاڑی کے ڈرائیور نے گاڑی تیز دوڑائی تو اس کا ٹائر ڈیوٹی پر موجود ایک اہلکار کے پاؤں پر چڑھ گیا۔ اس کے بعد اہلکاروں نے مشتعل ہو کر گاڑی کا پیچھا کیا اور مقتول وقاص کو گاڑی سے نکال کر اسے گولی مار دی۔

پولیس کے مطابق ناکے پر موجود اہلکاروں نے گاڑی کو مشکوک سمجھ کر روکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی۔ اس افسوسناک واقعے میں ایک شہری ہلاک جبکہ اس کیساتھ موجود دیگر افراد جن کی تعداد 3 بتائی جا رہی ہے، وہ زخمی ہو گئے تھے۔

واقعے میں زخمی افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ تاہم زخمیوں کی حالت اب کیسی ہے؟ اس بارے میں کسی قسم کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

شہری کی ہلاکت پر اس کے ورثا نے شدید احتجاج کیا تھا۔ ورثا کا مطالبہ ہے کہ اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کیخلاف فوری کارروائی کرکے انھیں انصاف فراہم کیا جائے۔

پولیس حکام نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ مقتول کو اہلکاروں نے گاڑی سے نکال کر گولی ماری جبکہ ابھی تک یہ بھی ثابت نہیں ہوا کہ مقتول وقاص کسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول وقاص کے اہلخانہ کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ واقعے کی تفتیش تھانہ ڈجکوٹ کی پولیس کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اعلیٰ حکام بھی اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔