صدر کی ٹرین سفر کے ذریعے سادگی مہم 2کروڑ روپے میں پڑی

صدر کی ٹرین سفر کے ذریعے سادگی مہم 2کروڑ روپے میں پڑی

اسلام آباد : صدر ممنون حسین کا سادگی کے فروغ اور ریلوے کی تشہیر کیلئے لاہور سے راولپنڈی کا سفر قوم کو دو کروڑ روپے سے زائد میں پڑا۔ صدر کو لانے والی ٹرین میں احتیاطی تقاضوں کیلئے آٹھ انجن استعمال کئے گئے، پنجاب پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے ہزاروں اہلکاروں نے بھی فرائض سرانجام دیئے، اس طرح سابق صدر جنرل ضیاءالحق کی سادگی کے فروغ کیلئے مہنگی سائیکل سواری کی یاد تازہ کردی۔

ریلوے پولیس کے پانچ ڈویژنز سے 400 پولیس اہلکاروں نے لاہور سے راولپنڈی تک تین دن ڈیوٹی سرانجام دی ۔ صدر ممنون نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لاہور سے راولپنڈی تک سفر کیا جس کامقصد ریلوے کی بحالی کا پیغام دینا تھا تاکہ عوام ریلوے کے سفر کو ترجیح دیں اس کے ساتھ ساتھ اس سفر کا مقصد کم خرچ اور سادگی کو فروغ دینا بھی تھا، مگر یہ صدارتی سفر پاکستانی ٹیکس دہندگان کو کتنے میں پڑا اور اس سے فائدہ کتنا ہوا بہت ہی اہم سوال بن کر سامنے آگیا ہے

اگر ریلوے پر صدارتی سفر کے اخراجات کا اندازہ لگایا جائے تو پتہ چلے گا کہ صدر کی اس سادگی مہم کیلئے ریلوے کے پانچ ڈویژنز سے چار سو ریلوے پولیس اہلکاروں کو صدر کی حفاظت کیلئے بلایا گیا تھا،تین دن کی ڈیوٹی کا الاﺅنس آٹھ سو روپے فی دن فی سپاہی دیا جانا ہے، اس طرح چار سو اہلکاروں کو تین دن کے حساب سے چھیانوے لاکھ روپے ٹی اے ڈی اے دیا جائے گاَ

لاہور سے راولپنڈی کے درمیان ہر ضلع کا ڈی پی او اپنی نفری کے ہمراہ صدارتی ٹرین کو بحفاظت کراس کرانے کے لیے ریڈ الرٹ پر تھا،پلوں،بیراجوں اور پہاڑوں میں تین دن تک پنجاب پولیس کی نفری تعینات رکھی گئی،ان کے پٹرولنگ سے لیکر ٹی اے، ڈی اے کے اخراجات کا اندازہ بھی ایک کروڑ تک ہوسکتا ہے صدارتی ٹرین کے آگے دو انجن پائلٹ کے طورپر چل رہے تھے جبکہ دو ٹرین کے پیچھے چل رہے تھے دو پھر پیچھے پائلٹ ورکنگ کررہے تھےَ

ان انجنوں کے تیل کے اخراجات بھی سوالیہ نشان ہیں ، سادگی کی اس دلچسپ مہم کا ایک نتیجہ یہ بھی تھا کہ عوام کو سادگی کا پیغام دینے والے صدر مملکت سے عوام کو ہی دور رکھا گیا راستے میں آنے والے دکانیں، کھوکھے وغیرہ سب بند کرا دیئے گئے

صدارتی ٹرین کے علاوہ باقی ٹرینوں کو دو گھنٹے تک مختلف سٹیشنوں پر روکے رکھا گیا، اس طرح صدر ممنون حسین نے سابق صدر جنرل ضیاءالحق کی سادگی مہم کی یاد تازہ کردی جب انہوں نے سائیکل سواری کی اور ان کی حفاظت پر بھاری اخراجات اٹھے تھے اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جب اس سادگی مہم پر اٹھنے والے اخراجات کے حوالے سے ترجمان ریلوے نجم ولی سے ان کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے نمبر اٹینڈ نہیں کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں