ماروی میمن نے ایک اور بین الاقوامی ایوارڈحاصل کرلیا

ماروی میمن نے ایک اور بین الاقوامی ایوارڈحاصل کرلیا

اسلام آباد: وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن کو فرانس کے صدر ایمول میکرون کی جانب سے نیشنل آرڈ ر آف میرٹ کے"Grade d' Officer" ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فرانس کے سفیر مارٹن ڈورنس نے اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں منعقد تقریب میں یہ ایوارڈ محترمہ ماروی میمن کو پیش کیا۔اس ایوارڈکو 1962میں جنرلDe Gaulleنے فرانس جمہوریہ کی جانب سے ایک عظیم اعزاز کے طور پر متعارف کرایا جو کسی بھی غیر معمولی انفرادی شخصیت کی قدر شناسی کیلئے دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ سے نہ صرف فرانسیسی شخصیات کو بلکہ ذہانت اور سخاوت کے حامل غیرملکی افراد کو عوامی سطح پر سراہے جانے کیلئے بھی اس ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ نیشنل آرڈر آف میرٹ 187,000ممبران پر مشتمل ہے جس میں خواتین ممبران کی تعداد 50%ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ فرانس کے صدر ایمول میکرون کی جانب سے میرے کام کو سراہا جانا اوراس فرینچ نیشنل آرڈر آف میرٹ ایوارڈ کا حصول میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ ماروی میمن نے وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں بی آئی ایس پی کی سربراہ بنے کا موقع فراہم کیا اور انہیں اس قابل کیا کہ وہ پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگیوں میں اپنا کردار اداکرسکیں، لہذا وہ اس قابل ہوئیں کہ یہ پُروقار بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کامیابیوں اور اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیر اعظم کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ ان کے ساتھ تھی۔انہوں نے کہا کہ انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کی سربراہ ہونے پر فخر ہے، جو پاکستان اور جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑاسماجی تحفظ کا نیٹ ورک ہے۔ بی آئی ایس پی محض ایک سماجی تحفظ کا پروگرام ہی نہیں بلکہ یہ پاکستانی خواتین کی بہتری کیلئے ایک بہت بڑی سرمایہ کاری ہے۔ خواتین ایک معاشرے کی حقیقی معمار ہوتی ہیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے خواتین کی معاشی بااختیاری میںسرمایہ کاری غربت میں خاتمے اور ہمارے ملک کی اقتصادی ترقی کا ایک براہ راست راستہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے بچپن کا ایک حصہ فرانس میں گزارا جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی، انہوں نے مزید کہا کہ ایک معاشرے کیلئے محمد علی جناح کے وژن اتحاد ، ایمان اور تنظیم اور فرانس کے قومی موٹوآزادی، مساوات اور اخوت کے مابین مطابقت پائی۔فرانسیسی سفیر نے محترمہ ماروی میمن کو مبارکباد پیش کی اور فرانس کے صدر کی جانب سے فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کی حمایت کا اظہارکیا۔ ماروی میمن کو پاکستان کے عوام کیلئے خدمات اور فرانس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے فروغ پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

 ماروی میمن وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں آفیسر رینک کیساتھ نیشنل آرڈر آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ تقریب میں سینیٹر نثار میمن، عزت مآب وزراء لیفٹینینٹ جنرل عبدالقادر بلوچ، جناب سرتاج عزیز، لیفٹینینٹ جنرل ناصر جنجوعہ، جناب بلیغ الرحمان، محترمہ سائرہ افضل تارڑر، صدر آزاد کشمیر مسعود خان، یورپی یونین کے سفیر جنابJean Francois Cautain ، برطانوی ہائی کمشنر جناب Thomas Drew ، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں