امریکی شہریوں کے شمالی کوریا جانے پر پابندی عائد

امریکی شہریوں کے شمالی کوریا جانے پر پابندی عائد

واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق امریکی شہریوں کو جلد ہی شمالی کوریا جانے سے روک دیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ یہ سرکاری اعلان 27 جولائی کو جاری کیا جائے گا جس کے ایک ماہ بعد امریکی شہری اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ شمالی کوریا کا سفر نہ کریں۔ امریکا اور شمالی کوریا میں جاری شدید کشیدگی کے باعث اس پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ایک طرف تو شمالی کوریا تمام تر عالمی مخالفت کے باوجود اپنے ایٹمی میزائل کے تجربات جاری رکھے ہوئے ہے تو دوسری جانب اس نے کئی امریکی شہریوں کو بھی بہت سے الزامات کے تحت اپنی جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔چند روز پہلے شمالی کوریا کی جیل سے رہائی پانے والے زخمی امریکی نوجوان کی ہلاکت کی خبروں سے امریکیوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔
تین سال پہلے سیاحت کی غرض سے شمالی کوریا جانے والے اس امریکی نوجوان کو شمالی کوریا نے جاسوسی کا الزام لگا کر گرفتار کرلیا تھا جہاں اسے دو سال تک قید میں رکھنے کے بعد پچھلے سال چھوڑ دیا گیا تھا۔
شمالی کوریا کی جیل میں بدترین تشدد سے اس نوجوان کی حالت بہت خراب ہوچکی تھی اور امریکا واپس آنے کے چند ماہ بعد وہ ہلاک ہوگیا۔