اسرائیلی مظالم، فلسطین کایو م غضب منانے کا اعلان

اسرائیلی مظالم، فلسطین کایو م غضب منانے کا اعلان

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین میں مسلسل بڑھتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطین نے احتجاج کے طور پر یومِ غضب کا اعلان کردیا ہے ۔
سعودی میڈیا کے مطابق بیت المقدس میں تشدد اور مظالم کا نیادور شروع ہوتا نظر آ رہا ہے۔ اب یہودی آبادکاروں نے بھی اسرائیلی پولیس اور فوج کے ساتھ مل کر مسجد اقصی پر حملے شروع کردیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں یہودی آبادکار روزانہ دو مرتبہ مسجد اقصی پر حملہ کرتے ہیں اور ایسا ہر حملہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہتا ہے۔
گزشتہ جمعے کو بھی اسرائیلی پولیس نے قبلہ اوّل پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہاں موجود 3 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد مسجد اقصی، بیت المقدس اور فلسطین میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔بعد ازاں اسرائیلی حکومت نے کشیدگی کا بہانہ بناتے ہوئے مسجد اقصی کے دروازوں پر نگرانی کے آلات نصب کردیئے جبکہ بیت المقدس کے مسلمانوں نے اس اقدام کو مسترد کردیا ہے۔
فلسطینی حکومت کا اس بارے میں کہنا ہے کہ اس سارے واقعے کے اصل ذمہ دار اسرائیلی حکام ہیں اور سیکیورٹی کے نام پر کیے جانے والے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔