کپل شرما کی طبعیت پھر ناساز، انیل کپور اور ارجن کپور کو بغیر شوٹ کے جانا پڑا

کپل شرما کی طبعیت پھر ناساز، انیل کپور اور ارجن کپور کو بغیر شوٹ کے جانا پڑا

ممبئی:بھارتی کامیڈین کپل شرما کی طبعیت ایک بار پھر ناساز ہوگئی جس کے باعث شو میں شوٹنگ کے لیے آئے ہوئے اداکار انیل کپور اور ارجن کپور کو ایسے ہی واپس جانا پڑا۔


کامیڈین سنیل گروور ، علی اصغر اور سگندا مشرا کے شو چھوڑنے کے بعد کپل شرما آئے روز نئی مصیبت میں پھنستے جارہے ہیں اور شو کی گرتی ہوئی ٹی آر پی ریٹنگ نے انہیں پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے۔

کامیڈین کپل شرما اپنے  شو کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل محنت کررہے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی فلم ’’ فرنگی‘‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں لیکن پیشہ وارانہ مصروفیات کے باعث کپل ذہنی تناؤ کا شکار ہوچکے ہیں جس کے باعث شو کی شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:کپل شرما طبیعت کی خرابی پر ایک بار پھر اسپتال میں داخل

گزشتہ دنوں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان انوشکا شرما کے ہمراہ اپنی نئی آنے والی فلم’’ جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی تشہیری مہم کے لیے شو کے سیٹ پہنچے تو اس سے قبل ہی کپل بے ہوش ہوکر گڑ پڑے تھے اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا جس کے باعث شوٹنگ بھی کینسل کرنا پڑی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انیل کپور، ارجن کپور اور آتیا شیٹھی اپنی نئی آنے والی فلم ’’مبارکاں‘‘ کی تشہیر کے لیے شو کے سیٹ پر مقررہ وقت پر پہنچے لیکن کئی گھنٹے انتظار کے باوجود کپل سیٹ پر نہ آئے۔

کپل کی ٹیم نے ان سے کئی بار مسلسل رابطے کی کوشش کی لیکن 4 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزرجانے کے باوجود کامیڈین خرابی صحت کے باعث سیٹ پر نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے شوٹنگ کینسل کردی گئی۔