کسی پارٹی کی سیاسی مہم نہيں روکی گئی، ہمارے اوپر کسی ادارے کا دباؤ نہیں ہے: سیکرٹری الیکشن کمیشن

کسی پارٹی کی سیاسی مہم نہيں روکی گئی، ہمارے اوپر کسی ادارے کا دباؤ نہیں ہے: سیکرٹری الیکشن کمیشن
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن مہم سب جماعتیں چلارہی ہیں، کسی پارٹی کی سیاسی مہم نہيں روکی گئی، ہمارے اوپر کسی ادارے کا دباؤ نہیں ہے، تمام ادارے ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ چاروں نگراں صوبائی وزرائے اعلیٰ سے رابطے میں ہیں، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے پر فائرنگ کے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور آئی جی سے جواب طلب کیا، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر جہاں عمل نہیں ہوتا وہاں ایکشن لیتے ہیں الیکشن مہم سے متعلق شکایات پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو 2 خط لکھے ہيں۔

بابر یعقوب نے مزید کہا کہ آج رات تک گوگل میپ پر پولنگ اسکیم بھی جاری کردی جائے گی۔ روشنائی ختم ہونے کی شکایات آئیں تو ان کا تدارک کر دیا گیا، سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں 25 جولائی کو فنکشنل ہوں گے۔ پوسٹل بیلٹ کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے خاص طریقہ وضع کیا گیا، الیکشن کمیشن پوسٹل بیلٹ کا سرپرائز آڈٹ کرے گا، چیک کیا جائے گا کہ پوسٹل بیلٹ کی ترسیل درست اور گنتی قانون کے مطابق ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ نے خط لکھا تھا کہ کچھ امیدواروں کے نام اقوام متحدہ کی فہرست میں ہیں، ان امیدواروں کو نوٹس جاری کیا جاچکا ہے وہ پرسوں الیکشن کمیشن میں پیش ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کے سروے کرائے ہیں، پولنگ اسٹیشنز میں 96 فیصد سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔ 2013 کے مقابلے میں پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر بہتری نظر آئے گی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن رولز الیکشن کمیشن نے بنائے ہیں، سیکیورٹی پولیس اور فوج فراہم کرے گی۔ مجوعی طور پر ساڑھے 8 لاکھ اہلکار و افسران سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ ٹرن آؤٹ پہلے سے زیادہ بہتر ہوگا، ووٹر ووٹ ڈالنے ضرور آئیں ہم نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ میں نے گزشتہ 2،3 دن میں بین الاقوامی آبزرورگروپس کو بریفنگ دی ہیں۔

بابر یعقوب نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل کا کام مکمل ہوچکا، الیکشن سے متعلق تمام مٹیریل ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گيا ہے، الیکشن کی تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، تمام ڈی آر اوز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ہیں، 3 دن میں 70لاکھ لوگوں نے الیکشن کمیشن کے نمبر 8300 پر رابطہ کیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں