افغانستان میں داعش اور طالبان میں لڑائی، 300 ہلاک، ہزاروں بے گھر

افغانستان میں داعش اور طالبان میں لڑائی، 300 ہلاک، ہزاروں بے گھر

کابل: افغانستان کے شمالی صوبے جوزجان میں شدت پسند گروپ ’داعش‘ اور طالبان کے درمیان گذشتہ چند روز سے جاری لڑائی کے نتیجے میں دونوں طرف سے بھاری جانی نقصان کے ساتھ ساتھ شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ شمالی صوبہ جوز جان میں جاری لڑائی کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات کی طرف نکل گئے ہیں, جب کہ لڑائی میں تین سو افراد مارے گئے ہیں۔

جوزجان کی صوبائی حکومت کے ترجمان محمد رضا غفوری نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں گروپ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے درزاب اور قوش طیبہ کے علاقوں میں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑائی کے دوران کم سے کم3 سو افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ مرنے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں سڑکوں پر پڑی ہیں اور ان کی تدفین کا کوئی بند بست نہیں ہوسکا ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان جاری جنگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد صوبائی دارالحکومت شبرغان کی طرف نقل مکانی کرگئے ہیں۔

ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاھد نے بتایا کہ درزاب میں جاری لڑائی کے دوران ’داعش‘ کوشکست کا سامنا ہے۔ وہ ان قریب علاقے سے داعش کا صفایا کردیں گے۔