حنیف عباسی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے، شیخ رشید

حنیف عباسی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے، شیخ رشید

راولپنڈی:سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ چاہےحنیف عباسی کے خلاف ہی کیوں نہ آئے، دونوں صورتوں میں الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے لیاقت باغ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا امیدوار ہمارے حق میں دستبردار ہوچکاہے،ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ جو بھی ہو حنیف عباسی کو الیکشن لڑنے دیا جائے،چاہتا ہوں کہ حنیف عباسی کو ووٹ کی طاقت سےہراوں، کل لیاقت باغ میں پی ٹی آئی اور ہمارا تاریخی جلسہ ہوگا، ایسا جلسہ لیاقت باغ کی تاریخ نے آج تک نہیں دیکھا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست کرتا ہوں پنڈی کی انتظامیہ کو سمجھائیں، الیکشن ضابطہ کے مطابق بھی جو پوسٹرز ہیں وہ اتار لیے جاتے ہیں، ایسے میں الیکشن لڑنا مشکل ہوتا جا رہا ہے جب بھی نئے پوسٹرز لگا ئے جاتے ہیں تو اسے انتظامیہ اتار دیتی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو پورے ملک میں پی ٹی آئی ہی ہو  گی، چاروں صوبوں میں پاکستان تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، اب پاکستان مسلم لیگ ن کاوقت ختم ہو چکا ہے۔