آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد

 آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد

لندن: آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ایک ہزار سے زائد افراد پر ویکسین کا ٹرائل کیا گیا اور ویکسین نے اینٹی باڈیز تیار کیے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا ویکسین کی تحقیق میں کامیابی کا خیر مقدم کیا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ نے دو کمپنیوں سے کورونا وائرس کی ویکسین حاصل کرنے کا معاہدہ طے کرلیا جس کے تحت دونوں کمپنیاں برطانیہ کو نو کروڑ ڈوزز فراہم کریں گی۔

کورونا ویکسین پر کام کرنے والی کمپنیوں میں بائیوٹیک، فائزر اور فرنچ کمپنی والنیوا شامل ہیں۔آکسفورڈ یونیورسٹی ویکسین سے دس کروڑ خوراکوں کا معاہدہ اس کے علاوہ ہے جسے آسٹر زینیکا کے ذریعہ تیار کیا جارہا ہے۔

ابھی تک یقینی طور پر نہیں کہا جاسکتا،، کہ ان تجرباتی ویکسینز میں سے کون سی کام کرے گی۔عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا میں 6 لاکھ 13 ہزار 213 اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ 48 لاکھ 52 ہزار 700 افراد متاثر ہوئے جب کہ 89 لاکھ 6 ہزار 690 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔

امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ 61 ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 834 تک پہنچ چکی ہے۔

برازیل میں 21 لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور 80 ہزار 251 اموات ہوئی ہیں۔

بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 54 ہزارسے زائد ہے اور 28 ہزار 99 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

روس میں کورونا سے 7 لاکھ 77 ہزار 486 افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 427 ہو گئی ہے۔جنوبی افریقہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 73 ہزار 628 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

پیرو میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 384 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 57 ہزار سے زائد ہے۔میکسیکو میں تین لاکھ 49 ہزار 396 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور 39 ہزار 485 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔