پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست، انگلینڈ نے سیریز جیت لی

Pakistan also lost in the third T20 match, England won the series
کیپشن: فائل فوٹو

مانچسٹر: میزبان ٹیم انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔

برطانوی بلے باز جیسن روئے کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں جیت حاصل کی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا رہا۔ اوپنرز نے بیالیس رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن کپتان بابر اعظم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ انہوں نے صرف گیارہ رنز بنائے اور آئوٹ ہو گئے۔

اس کے بعد صہیب مقصود وکٹ پر آئے لیکن وہ بھی صرف 13 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آئوٹ ہو گئے، اسی اوور میں قومی ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی محمد حفیظ جلد ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس موقع پر بھی اوپنر محمد رضوان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 69 رنز پر پاکستان کی تین وکٹیں گرنے کے باوجود اپنی حکمت عملی سے اچھا کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کیلئے پیتالیس رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

قومی ٹیم کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو چوبیس رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، ان کی وکٹ معین علی کے حصے میں آئی۔

عادل رشید نے اس کے بعد شاداب خان کو شکار کیا اور چوتھی وکٹ اپنے نام کی جبکہ عماد وسیم رن آؤٹ ہوئے۔

دوسرے طرف محمد رضوان نے اپنی وکٹ سنبھالے رکھی اور شاندار نصف سنچری سکور کی۔

آخری اوورز میں حسن علی اور محمد رضوان نے کچھ جارحانہ بلے بازی کی کوشش کی لیکن کرس جورڈن نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے پاکستان کو آخری اوور زیادہ رنز نہ بنانے دیئے۔

پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چون رنز بنائے۔ محمد رضوان نے ستاون گیندوں پر 3 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 4 اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے نے 64، جو بٹلر 21، ڈیوڈ میلان 31، جونی بیئرسٹو 5، معین علی، 1، ویون مورگن 21 رنز بنا سکے۔ یوں میزبان ٹیم نے انیس اعشاریہ چار اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا کر ناصرف تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستانی ٹیم کو شکست دی بلکہ سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کر لی۔