حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانی قیدیوں کی واپسی کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان  

The government is committed to the return of Pakistani prisoners abroad, Prime Minister Imran Khan said
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانی قیدیوں کی مدد اور ان کی وطن واپسی میں معاونت کے لئے پرعزم ہے۔

اپنے ٹویٹر ہینڈل پر وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کی ہدایت پر خصوصی پرواز کے ذریعے عیدالاضحٰی سے قبل سعودی عرب سے رہا ہونے والے 62 قیدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں تاکہ وہ عید کی خوشیاں اپنے اہلخانہ کے ساتھ منا سکیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری ہدایت پر سرمائے کا انتظام کیا گیا اور خصوصی پرواز کے ذریعے سعودی عرب سے 62 پاکستانی قیدیوں کو وطن واپس لایا گیا تاکہ وہ عید پر اپنے اہلخانہ کے پاس پہنچ سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرونی ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی مدد اور انکی وطن واپسی میں مدد کرنا میری حکومت کا اپنے عوام سے کیا گیا وعدہ ہے۔

دریں اثنا اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن (او پی ایف) کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر شیخ نے وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل اور ادارہ کے سینئر افسران کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر عیدالاضحیٰ سے صرف ایک روز قبل سعودی عرب سے رہائی پاکر وطن پہنچنے والے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔

پاکستانی قیدیوں کی آمد کے موقع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا اور انہوں نے موجودہ حکومت کی گرانقدر کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔او پی ایف کے ترجمان کے مطابق ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ، وزارت امور خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی مسلسل کوششوں کے باعث شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے احکامات پر سعودی حکام کی طرف سے ریاض میں منشیات سے متعلق معمولی مقدمات میں قید پاکستانی قیدیوں کو رہائی ملی ہے۔ انہوں نے اوپی ایف کی طرف سے قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے کئے گئے انتظامات کا بھی حوالہ دیا تاکہ یہ قیدی عیدالاضحیٰ اپنے اہل خانہ کے ساتھ منا سکیں۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں تارکین وطن پاکستانیوں کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن اور ان کے اہل خانہ کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے تمام تر کوششں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں اور ملک کا اہم سرمایہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ او پی ایف تارکین وطن پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہے اور ان کے مسائل اور مشکلات کے فوری ازالے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر وطن واپس لوٹنے والے پاکستانیوں نے سعودی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے واپسی کے لئے خصوصی انتظامات کرنے پر او پی ایف کے حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔