مقصد کے حصول میں ہر قربانی کیلئے تیار رہنا کامیابی کی کنجی ہے، صدر مملکت کا عیدالاضحیٰ پر پیغام

Ready to make every sacrifice to achieve the goal is the key to success, President's message on Eid-ul-Adha
کیپشن: فائل فوٹو

مقصد کے حصول میں ہر قربانی کیلئے تیار رہنا کامیابی کی کنجی ہے، صدر مملکت کا عیدالاضحیٰ پر پیغام

اسلام اآباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسلامی تہوار میں ہمارے لئے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے اور احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھے ، عید ِقربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ میں عید الاضحیٰ کے پر مسرت اور پر سعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اور پاکستان کیلئے خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔ انہوں نے کہاکہ عید الاضحی ٰ کا مبارک موقع حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کے ایثار و قربانی اور اللہ تعالی کی اطاعت و فرمانبرداری کی یاد تازہ کرتا ہے۔

یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے۔ اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت دنیا بھی کورونا وائرس کی وبا کے امتحان سے گزر رہی ہے۔ اس وبا نے تمام انسانیت کو کسی نہ کسی طرح متاثر کیا ہے۔ بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچا ر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ اس امتحان میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہنے، ہاتھ دھوئے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھے۔

صدر مملکت نے کہاکہ عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔ اس موقع پر اللہ تعالی کے حضور دعائیں بھی کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کے اثرات سے محفوظ فرمائے۔