پاکستان کیخلاف ہائبرڈ وار جاری، نوجوان ملک کا دفاع کرنے کیلئے تیار رہیں: وزیر داخلہ

Hybrid war against Pakistan continues, youth should be ready to defend the country: Home Minister
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھارت کی ہائبرڈ وار جاری ہے۔ نوجوان پاکستان اور فوج کا دفاع کرنے کیلئے تیار رہیں۔

راولپنڈی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں افغان سفیر کی صاحبزادی کے مبینہ اغوا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اغوا کا مطلب مجھے معلوم ہے، اغوا کار کوئی مطالبہ کرتا ہے، افغان سفیر کی بیٹی کا معاملہ اغوا کا نہیں لاپتا ہونے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی ہماری بیٹیوں کی طرح ہے۔ افغان سفیر کی بیٹی نے چند گھنٹے میں 4 ٹیکسیاں بدلیں۔ ہماری تحقیقات کے مطابق کسی ٹیکسی میں کوئی بندہ نہیں بیٹھا۔ ان کے اور ہمارے بیانات نہیں ملتے پھر بھی ایف آئی آر درج کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں انویسٹی گیشن کا ذمہ دار ہوں، سیاسی بیانات دینا وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم عمران نے ہائی سیکیورٹی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کشمیر میں جو زبان استعمال کر رہی ہیں وہ مودی کیخلاف نہیں عمران خان کیخلاف ہے۔ ہم نے کیخلاف کبھی غیر شائستہ اور غیر پارلیمانی زبان استعمال نہیں کی۔ مریم نواز غیر پارلیمانی زبان استعمال کر رہی ہیں، انھیں ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

ایک اور اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ داسو کے مسئلے پر وزارت خارجہ ہی بہتر بتا سکتی ہے، افغان مسئلے پر میں بتا سکتا ہوں، اس واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔

کورونا صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں لاکھوں لوگ کورونا کے باعث مر رہے ہیں، بھارت نے کورونا کیسز میں مرنے والوں کی تعداد کو چھپایا، ہم انشا اللہ کورونا کی چوتھی لہر کو بھی شکست دیں گے۔