محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو چقندر کی کاشت وسط اگست سے شروع کرنے کی ہدایت  

Department of Agriculture instructs farmers to start beet cultivation from mid-August
کیپشن: فائل فوٹو

فیصل آباد: محکمہ زراعت نے چقندر کی کاشت وسط اگست سے شروع کر نے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ چقندر کی فی ایکڑ بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے چقندر کی کاشت کا عمل وسط اگست سے شروع کر کے ستمبر کے آخر تک مکمل کر لیں۔

محکمہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ چقندر ایک انتہائی اہم، منافع بخش اور نقد آور فصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی تحقیقی اداروں کی سالہا سال کی محنت، تجربات اور مشاہدات کے باعث جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے چقندر کی فی ایکڑ پیداوار 7سو من سے بڑھ کر 12سو من تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر کاشتکار چقندر کی کاشت کے دوران جدید سائنسی طریقہ کاشت سے استفادہ کریں تو یہ پیداوار باآسانی 15 سو من فی ایکڑ تک پہنچائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار چقندر کی کاشت کیلئے مزید معلومات و رہنمائی کی غرض سے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی خدمات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔