قربانی کا بھینسا بے قابو، فائرنگ سے زخمی کرنے کے بعد ذبح کیا گیا ، 4 گرفتار

قربانی کا بھینسا بے قابو، فائرنگ سے زخمی کرنے کے بعد ذبح کیا گیا ، 4 گرفتار
سورس: file photo

کراچی : قربانی کا جانور اگر بپھر جائے تو کیا کرنا چاہئے ، اہل کراچی نے تو بپھرے ہوئے بھینسے کو قابو کرنے کے لئے کئی گولیاں برسا دیں ۔

بپھرے بھینسے پر گولیاں چلانے کی وجہ سے پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرکے رائفل قبضے میں لے لی ۔  

نیونیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں قربانی کیلئے ایک بھینسا لایا گیا ۔ 

ہٹے کٹے بھینسے کی ہر کسی نے تعریف کی اور اس کی پرورش کوسراہا گیا  لیکن عین قربانی سے کچھ دیر قبل وہ بپھر گیا اور پھر ایسا بپھرا کہ کسی کے قابو ہی نہ آیا ۔ 

قربانی سے قبل بھینسا بپھر گیا اور رسیاں توڑ کر بھاگ نکلا ۔ مالک اور قصائی اس کے پیچھے بھاگے لیکن وہ کسی کے ہاتھ نہ لگا اس دوران وہ کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیوں کو ٹکریں مارتا ہوا کئی میل دور چلا گیا ۔ 

طاقت کے نشے میں چور بپھرے ہوئے بھینسے کو پکڑنے کے لئے محلے کے لوگ بھی مالک اور قصائی کے ساتھ ہولئے ۔ 

بھینسے کو قابو کرنے کی کوشش کی گئی لیکن مجال ہے کہ وہ کسی کے سنتا وہ اپنی ہی دھن میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو پھلانگتا بھاگتا چلا گیا ۔ 

آخر کار کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد  بھینسے کو فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا اور پھر جب وہ تھک کر نڈھال ہوا  تو قصائی نے اس کو ذبح کردیا ۔ 

قربانی کے جانور کو زخمی کرکے قابو کرنے پر مقامی پولیس نے چارافراد کو گرفتا ر کرکے رائفل قبضے میں لے لی ۔