سری لنکا نے ایشیا کپ کی میزبانی سے معذرت کر لی

سری لنکا نے ایشیا کپ کی میزبانی سے معذرت کر لی

کولمبو: سری لنکا نے ملک میں جاری بحران کے باعث ایشیاءکپ کی میزبانی سے معذرت کر لی ہے اور سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو اس حوالے سے باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اے سی سی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں جاری موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کے باعث ایشیاءکپ کا انعقاد ممکن نہیں، اس لئے ہم ایشیاءکپ کی میزبانی نہیں کر سکتے۔ 
سری لنکا کی معذرت کے بعد ایشیاءکپ کی میزبانی کیلئے تاحال کسی نئے ملک کا انتخاب نہیں ہوا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بھارت سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے نام زیر غور لائے جائیں گے۔ 
سری لنکن میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں برس 27 اگست سے 11 ستمبر تک شیڈول ایشیاءکپ کیلئے سری لنکا پہلے امارات کرکٹ بورڈ سے بات چیت کرے گا تاہم یہ کسی بھی ملک میں ہو مگر اس کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہی رہے گی۔ 
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیاءکپ 2022ءسری لنکا سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصنف کے بارے میں