لاہور میں بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور میں بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7 گھنٹے کی مسلسل بارش نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جبکہ موسم خوشگوار ہونے سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کے مطابق لاہور میں اب تک 234 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اوسطاً 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ 
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ لاہو کے علاقے تاجپورہ میں سب سے زیادہ 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ائیرپورٹ 219، گلبرگ میں 76، لکشمی چوک 143، مغلپورہ میں 174 اور اقبال ٹاؤن میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 
اسی طرح نشتر ٹاؤن 116، چوک ناخدا 159، پانی والا تالاب میں 158، فرخ آباد 119، گلشن راوی 128، سمن آباد 88، جوہر ٹاؤن میں 124 ، اپرمال 116 اور جیل روڈ پر 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 
ایم ڈی واسا نے مزید بتایا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشن فعال ہیں اور جنریٹر بھی استعمال کر رہے ہیں اور اتنی زیادہ بارش کے باوجود بیشتر علاقے کلیئر کر دئیے گئے ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ لکشمی چوک، کوپر روڈ، دوموریہ، ایک موریہ، فردوس مارکیٹ، جی پی او چوک، نابھہ روڈ، بھاٹی گیٹ، جناح ہسپتال، ٹکا چوک، گڑھی شاہو چوک، ناخدا چوک بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں