ہندوستانی میڈیاپاک بھارت کرکٹرز کے مثالی ’’ دوستانہ تعلقات ‘‘ کا راگ الاپنے لگا

 ہندوستانی میڈیاپاک بھارت کرکٹرز کے مثالی ’’ دوستانہ تعلقات ‘‘ کا راگ الاپنے لگا

نئی دہلی:پاکستانی ٹیم کی جیت کے بعد بھارتی ٹی وی انڈین ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور وکٹ کیپر ایم ایس دھونی اور پاکستانی کرکٹر اظہر علی کے بیٹوں کی تصویر نشر کر کے عبرتناک شکست کا غم کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ پاک بھارت کھلاڑیوں کے مثالی اور دوستانہ تعلقات اس بات کی غمازی ہیں کہ کرکٹ صرف ایک کھیل ہے اور اسے حدود سے باہر نہیں ہونا چاہئے ۔

بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کا کہناہے کہ اگرچہ چیمپئن ٹرافی کا فائنل ہو چکا ہے اور اس ٹرافی کے اصل حقدار اپنا حق وصول بھی کر چکے ہیں لیکن جب فائنل بھارت اور پاکستان کے درمیان ہو تو موسم اور میچ کی گرمی فائنل کی جیت یا ہار کے ساتھ کم نہیں ہوتی بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ شکست کی ہزیمت اور فتح کا جشن بڑھتا ہی جاتا ہے جبکہ سوشل میڈیا کے اس دور میں تو یہ ممکن ہی نہیں کہ فتح اور شکست کو لوگ اتنی آسانی اور اتنی جلدی بھول جائیں۔بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ چیمپئن ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست سے جڑی کوئی نہ کوئی آہٹ تو مسلسل ہوتی رہے گی ۔

 بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ گو کہ بھارت چیمپئن ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو چکا ہے لیکن دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان اچھے تعلقات پہلی مرتبہ کھل کر سامنے آئے ہیں ،بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیوں نے اس ٹورنامنٹ میں ثابت کیا ہے کہ کرکٹ ایک کھیل ہے اور ہمیں اس کھیل کو اس کی حدود میں ہی رکھنا چاہئے ۔بھارتی ٹی وی نے بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی کی پاکستانی ٹیم کے اوپنر اظہر علی کے بیٹوں کے ساتھ تصویریں دکھاتے ہوئے کہا کہ اظہر علی نے ان تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے ایسا ٹویٹ کیا ہے کہ وہ لاکھوں ہندوستانی کرکٹ شائقین کے دلوں پر چھا گئے ہیں ۔

 اظہر علی نے اپنے بیٹوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایم ایس دھونی ،ویرات کوہلی اور یوراج سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے ان لیجنڈز کرکٹرز نے ان کے بچوں کے ساتھ یاد گار وقت صرف کیا جس کے لئے وہ ان کے شکر گذار ہیں اور میرے بچے بھی بہت خوش ہیں ۔واضح رہے کہ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے ننھے بیٹے عبداللہ کو گود میں اٹھانے  کی تصویر بھی خوب شہرت سمیٹ چکی ہے