پشاور،موبائل فون اور انٹرنیٹ کے باعث عید کارڈز کی رسم دم توڑ گئی

پشاور،موبائل فون اور انٹرنیٹ کے باعث عید کارڈز کی رسم دم توڑ گئی

پشاور:موبائل فون اور انٹرنیٹ کے باعث عید کارڈز کی رسم دم توڑ گئی اور لوگ اپنے دوستوں ،عزیز واقارب اور رشتہ داروں کو اب عید کی مبارکباد کیلئے سوشل میڈیا اور ایس ایم ایس کا استعمال کر رہے ہیں ۔پہلے ہر عید پر مبارکباد دینے کیلئے خوبصورت کارڈ بھیجے جاتے تھے مگر موبائل فونز اور انٹرنیٹ عام ہونے کے بعد یہ روایت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔

اب گنے چنے چند لوگوں کے سوا ہر کوئی عید کارڈ کو وقت اور پیسے کا ضیاع سمجھتا ہے ۔لوگوں کی اکثریت اب چاند رات کو اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو سوشل میڈیا اور ایس ایم ایس کے ذریعے ہی عید کی مبارکباد دے دیتے ہیں ۔پشاورمیں عید کارڈز کی دکانیں ہشت نگری،کریم پورہ،گھنٹہ گھر،قصہ خوانی اور صدر میں واقع تھیں تاہم اب ان دکانوں میں عید کارڈز کی بجائے عید کی خریداری کی اشیاء رکھ لی گئی ہیں ۔

پہلے عید کارڈز کی فروخت کا آغاز رمضان کا دوسرا عشرہ شروع ہوتے ہی ہو جاتا تھا ۔عید کارڈز پشاور کے علاوہ دوسرے شہروں میں مقیم رشتہ داروں اور دوست احباب کو ڈاک کے ذریعے بھیجے جاتے تھے جن کو پہنچنے میں کئی دن لگتے تھے لیکن اب چند سیکنڈ میں ایس ایم ایس کے ذریعے عید کی مبارکباد پہنچ جاتی ہے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں