بجلی کی قیمتوں میں کمی مستقل بنیادوں پر کی جائے : پیاف

لاہور :پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنزفرنٹ نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مئی 2017کے لیے فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی مد میں 1.90روپے فی یونٹ کمی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کمی کو صرف ایک ماہ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ یہ کمی مستقل بنیادوں پر کی جائے چونکہ صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں ۔

پن بجلی کی بڑھتی پیدوار اور فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بجلی کی قیمت میں مستقل بنیادوں پر کمی کی جائے ،چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین پیاف تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہونے سے سے صنعتکار اور عوام پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ مہنگی بجلی کے باعث مہنگی پیداوار اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ہر ماہ کی بجائے مستقل بنیادوں پر کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتکار،تاجر و عوام کو ریلیف اورمہنگائی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ بجلی سستی ہونے کے باعث پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوگی اور اس کمی کا ریلیف عوام تک بھی منتقل ہوگا اور انہیں سستی اشیاء فراہم ہونگی۔