منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی, چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی

منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی, چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی

لاہور:  چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے  گی اور ان کی اصل جگہ جیل ہے، سرکاری نرخوں سے زائد  وصول کرنے والوں  کیخلاف ہر سطح پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت کے وژن کے مطابق کسی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی سربراہی میں وحدت روڈ رمضان بازار ،وحدت روڈ اور ملتان روڈ کی اوپن مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے رمضان بازار کے تمام سٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی معیار اور قیمتوں بارے آگاہی حاصل کی اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ کچھ دکانداروں کو طے شدہ طریق کار اور ضوابط کار پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت تنبیہ کی گئی۔

پرائس کنٹرو ل کمیٹی نے بعد ازاں وحدت روڈ اور ملتان روڈ کی اوپن مارکیٹ مارکیٹوں کا دورہ کر کے مختلف سٹورز اور دکانوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا اور گراں فروشی پر جرمانے کئے گئے۔ اس موقع پر سبزیوں اور پھلوں کی دکانوں پر بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا گیا بعض دکانوں سے ناقص پھل فوری ہٹوا دئیے گئے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور ان کی خدمت حکومت کا مشن ہے اور اسی تناظر میں نہ صرف اوپن مارکیٹوں بلکہ رمضان بازاروں کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور حکومت کے وژن کے مطابق کسی بھی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا ۔ ایسے عناصر کو رائے راست پر لانے کے لئے عوام حکومت سے اپنا تعاون جاری رکھیں ۔

مصنف کے بارے میں