عید کاخصوصی سیکورٹی پلان جاری

عید کاخصوصی سیکورٹی پلان جاری

اسلام آباد: عید الفطر کے موقع پر ریلوے اسٹیشنوں، ٹرینوں اور مسافروں کے تحفظ   کو  یقینی بنانے کے لئے وزیر  ریلویز  خواجہ سعد  رفیق  کی ہدایت پر آئی جی ریلوے پولیس منیر احمدچشتی اور ڈی آئی جی شارق جمال خان نے عید کا خصوصی سیکورٹی پلان جاری کر دیا ہے.

سیکورٹی پلان کے تحت ملک بھر میں ریلوے پولیس کے ایس پیز  کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نفری میںاضافہ کردیاجائے، تما م آنے اور جانے والے مسافروں کو واک تھروگیٹ سے گزارا جائے اور میٹل ڈیٹکیٹر سے مکمل طور پر چیک کیاجائے۔ غیرمتعلقہ اشخاص کو اسٹیشن کی حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور مشکوک عناصر پر کڑ ی نظر رکھی جائے۔

ٹرینوں میں اور اہم تنصیبات پر کمانڈوز تعینات کیے جائیں مزید جمعتہ الوداع کے موقع پر اور نماز فجر وتروایح کے اوقات میں ریلوے حدود میں واقع مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے۔ سفید پارچات میں بھی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ سیکورٹی پلان کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ تمام اسٹیشنوں کی ہمہ وقت چیکنگ کرے گاجبکہ ٹرینوں کی روانگی سے پہلے خالی ریکس کی مکمل چیکنگ بھی کی جائے گی۔

تمام ایس پیز عید کے دنوں میں اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں موجود رہیں گے اور وقتاً فوقتاً اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سرپرائزچیکنگ کریں گے اور ڈیوٹی میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔اس کے علاوہ حساس علاقوں میں ریلوے ٹریک اور ٹرینوں کی حفاظت کے لیے ٹریک پٹرولنگ کی جائے گی۔

آئی جی ریلوے پولیس منیر احمد چشتی نے کہا کہ پاکستان ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے اس کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔عید الفطرکی آمد پر ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں بہت زیادہ رش ہوجاتا ہے اور سماج دشمن عناصرکے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کارروائی کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس میں اس موقعے پر غیر ضروری چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، کوئی بھی اہلکار ڈی آئی جی کی منظوری کے بغیر ہنگامی نوعیت کی چھٹی بھی نہیں کر سکے گا۔

مصنف کے بارے میں