پنجاب اور سندھ میں آج سے دوبارہ ویکسی نیشن کا آغاز ہو گا

پنجاب اور سندھ میں آج سے دوبارہ ویکسی نیشن کا آغاز ہو گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور : پاکستان میں عالمگیر موذی وباء کورونا وائرس کی ویکسین کی نئی کھیپ پہنچ چکی ہے جس کے بعد آج سے ویکسی نیشن کا عمل معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب اور سندھ کے حکام کے اعلان کے مطابق چین سے خریدی گئی سائنو ویک ویکسین کی 15 لاکھ سے زائد خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں پاک ویک کی تیاری میں بھی تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور رواں ماہ سے این آئی ایچ پاک ویک کی ماہانہ 30 لاکھ ڈوز تیار کرے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں کے متعدد سینٹرز میں انسداد کورونا ویکسین کی قلت کا سامنا ہے، متعدد سینٹرز میں ویکسین ختم ہو چکی تھی جس کی وجہ سے ویکسی نیشن کیلئے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا تھا جس پر شہریوں نے بھی پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ 
سندھ حکومت کی ٹاسک فورس نے بھی اجلاس میں ہی صوبے بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین ’سپوتنک وی‘ جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کین سائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں تاہم 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے 10 روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ 12 سے 18 جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی جبکہ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہو گا۔