ملک میں کورونا وائرس سے مزید 30 افراد ہلاک، مجموعی اموات 22 ہزار سے تجاوز کر گئیں

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 30 افراد ہلاک، مجموعی اموات 22 ہزار سے تجاوز کر گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 49 ہزار 175 ہو گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 907 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں 3 لاکھ 45 ہزار 65، سندھ میں 3 لاکھ 32 ہزار 254، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 37 ہزار 75، بلوچستان میں 26 ہزار 633، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 813، اسلام آباد میں 82 ہزار 368 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 967 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ 
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 34 ہزار 754 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 907 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اس عرصے کے دوران مزید 30 افراد مہلک وباءکے باعث جان کی بازی ہار گئے، پاکستان میں اس وقت 2 ہزار 238 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 93 ہزار 148 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 41 لاکھ 48 ہزار 424 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 754 نئے ٹیسٹ کئے گئے جس دوران 907 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور یوں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے نئے مریضوں کی شرح 2.60 فیصد سے رہی۔ 
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 49 ہزار 175 ہوچکی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 22 ہزار 7 ہو چکی ہے ، پنجاب میں 10 ہزار 642، سندھ میں 5 ہزار 341، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 269، اسلام آباد میں 775، بلوچستان میں 301، گلگت بلتستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 571 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔